انجیل مقدس

باب   1  2  3  4  5  6  ۲ تیمِتھُیس  1  2  3  4  

  ۱ تیمِتھُیس 1

1  پَولُس کی طرف سے جو ہمارے مُنّجی خُدا اور ہمارے اُمِید گاہ مسِیح یِسُوع کے حُکم سے مسِیح یِسُوع کا رَسُول ہے۔

2  تِیمُتھیُس کے نام جو اِیمان کے لِحاظ سے میرا سَچّا فرزند ہے۔ فضل رحم اور اِطمینان خُدا باپ اور ہمارے خُداوند مسِیح یِسُوع کی طرف سے تُجھے حاصِل ہوتا رہے۔

3  جِس طرح مَیں نے مکِدُنیہ جاتے وقت تُجھے نصِیحت کی تھی کہ اِفسُس میں رہ کر بعض شَخصوں کو حُکم کر دے کہ اَور طرح کی تعلِیم نہ دیں۔

4  اور اُن کہانیوں اور بے اِنتہا نسب ناموں پر لِحاظ نہ کریں جو تکرار کا باعِث ہوتے ہیں اور اُس اِنتظامِ اِلٰہی کے مُوافِق نہِیں جو اِیمان پر مبنی ہے اُسی طرح اَب بھی کرتا ہُوں۔

5  حُکم کا مقصد یہ ہے کہ پاک دِل اور نیک نیّت اور بے رِیا اِیمان سے محبّت پَیدا ہو۔

6  اِن کو چھوڑ کر بعض شَخص بیہُودہ بکواس کی طرف مُتوّجہ ہوگئے۔

7  اور شَرِیعَت کے مُعلِّم بننا چاہتے ہیں حالانکہ جو باتیں کہتے ہیں اور جِن کا یقِینی طَور سے دعویٰ کرتے ہیں اُن کو سَمَجھتے بھی نہِیں۔

8  مگر ہم جانتے ہیں کہ شَرِیعَت اچھّی ہے بشرطیکہ کوئی اُسے شَرِیعَت کے طَور پر کام میں لائے۔

9  یعنی یہ سَمَجھ کر کہ شَرِیعَت راستبازوں کے لِئے مُقرّر نہِیں ہُوئی بلکہ بے شرع اور سرکش لوگوں اور بے دِینوں اور گُنہگاروں اور ناپاکوں اور رِندوں اور ماں باپ کے قاتِلوں اور خُونِیوں۔

10  اور حرامکاروں اور لَونڈے بازوں اور بردہ فروشوں اور جھُوٹوں اور جھُوٹی قَسم کھانے والوں اور اِن کے سِوا صحیح تعلِیم کے اَور برخِلاف کام کرنے والوں کے واسطے ہے۔

11  یہ خُدایِ مُبارک کے جلال کی اُس خُوشخَبری کے مُوافِق ہے جو میرے سُپُرد ہُوئی۔

12  مَیں اپنے طاقت بخشنے والے خُداوند مسِیح یِسُوع کا شُکر کرتا ہُوں کہ اُس نے مُجھے دِیانتدار سَمَجھ کر اپنی خِدمت کے لِئے مُقرّر کِیا۔

13  اگرچہ مَیں پہلے کُفر بکنے والا اور ستانے والا اور بے عِزّت کرنے والا تھا تَو بھی مُجھ پر رحم ہُؤا اِس واسطے کہ مَیں نے بے اِیمانی کی حالت میں نادانی سے یہ کام کِئے تھے

14  اور ہمارے خُداوند کا فضل اُس اِیمان اور محبّت کے ساتھ جو مسِیح یِسُوع میں ہے بہُت زِیادہ ہُؤا۔

15  یہ بات سَچ اور ہر طرح سے قُبُول کرنے کے لائِق ہے کہ مسِیح یِسُوع گُنہگاروں کو نِجات دینے کے لِئے دُنیا میں آیا جِن میں سب سے بڑا مَیں ہُوں۔

16  لیکِن مُجھ پر رحم اِس لِئے ہُؤا کہ یِسُوع مسِیح مُجھ بڑے گُنہگار میں اپنا کمال تحمُّل ظاہِر کرے تاکہ جو لوگ ہمیشہ کی زِندگی کے لِئے اُس پر اِیمان لائیں گے اُن کے لِئے مَیں نمُونہ بنُوں۔

17  اب ازلی بادشاہ یعنی غَیرفانی نادِیدہ واحِد خُدا کی عِزّت اور تمجِید ابداُلآباد ہوتی رہے۔ آمِین۔

18  اَے فرزند تِیمُتھِیُس! اُن پیشینگوئیوں کے مُوافِق جو پہلے تیری بابت کی گئی تھِیں مَیں یہ حُکم تیرے سُپُرد کرتا ہُوں تاکہ تُو اُن کے مُطابِق اچھّی لڑائی لڑتا رہے اور اِیمان اور اُس نیک نیّت پر قائِم رہے۔

19 جِس کو دُور کرنے کے سبب سے بعض لوگوں کے اِیمان کا جہاز غرق ہوگیا۔

20  اُن ہی میں سے ہُمِنیُس اور سکندر ہیں۔ جِنہِیں مَیں نے شَیطان کے حوالہ کِیا تاکہ کُفر سے باز رہنا سِیکھیں۔

  ۱ تیمِتھُیس 2

1  پَس مَیں سب سے پہلے یہ نصِیحت کرتا ہُوں کہ مُناجاتیں اور دُعائیں اور اِلتجائیں اور شُکرگُذارِیاں سب آدمِیوں کے لِئے کی جائیں۔

2  بادشاہوں اور سب بڑے مرتبہ والوں کے واسطے اِس لِئے کہ ہم کمال دِینداری اور سنجِیدگی سے امن و آرام کے ساتھ زِندگی گُذاریں۔

3  یہ ہمارے منّجی خُدا کے نزدِیک عُمدہ اور پسندِیدہ ہے۔

4  وہ چاہتا ہے کہ سب آدمِی نِجات پائیں اور سَچّائی کی پہچان تک پہُنچیں۔

5  کِیُونکہ خُدا ایک ہے اور خُدا اور اِنسان کی بِیچ میں درمیانی بھی ایک یعنی مسِیح یِسُوع جو اِنسان ہے۔

6  جِس نے اپنے آپ کو سب کے فِدیہ میں دِیا کہ مُناسِب وقتوں پر اِس کی گواہی دی جائے۔

7  مَیں سَچ کہتا ہُوں۔ جھُوٹ نہِیں بولتا کہ مَیں اِسی غرض سے منادی کرنے والا اور رَسُول اور غَیرقَوموں کو اِیمان اور سَچّائی کی باتیں سِکھانے والا مُقرّر ہُؤا۔

8 پَس مَیں چاہتا ہُوں کے مرد ہر جگہ بغَیر غُصّہ اور تکرار کے پاک ہاتھوں کو اُٹھا کر دُعا کِیا کریں۔

9  اِسی طرح عَورتیں حیادار لِباس سے شرم اور پرہیزگاری کے ساتھ اپنے آپ کو سنواریں نہ کہ بال گُوندھنے اور سونے اور موتیوں اور قِیمتی پوشاک سے۔

10  بلکہ نیک کاموں سے جَیسا خُدا پرستی کا اِقرار کرنے والی عَورتوں کو مُناسِب ہے۔

11  عَورت کو چُپ چاپ کمال تابعداری سے سِیکھنا چاہئے۔

12  اور مَیں اِجازت نہِیں دیتا کہ عَورت سِکھائے یا مرد پر حُکم چلائے بلکہ چُپ چاپ رہے۔

13  کِیُونکہ پہلے آدم بنایا گیا۔ اُس کے بعد حوّا۔

14  اور آدم نے فریب نہِیں کھایا بلکہ عَورت فریب کھا کر گُناہ میں پڑ گئی۔

15  لیکِن اَولاد ہونے سے نِجات پائے گی بشرطیکہ وہ اِیمان اور محبّت اور پاکیزگی میں پرہیزگاری کے ساتھ قائِم رہیں۔

  ۱ تیمِتھُیس 3

1  یہ بات سَچ ہے کہ جو شَخص نِگہبان کا عُہدہ چاہتا ہے وہ اچھّے کام کی خواہِش کرتا ہے۔

2  پَس نِگہبان کو بے اِلزام۔ ایک بِیوی کا شَوہر۔ پرہیزگار۔ مُتّقی۔ شایستہ۔ مُسافرپرور اور تعلِیم دینے کے لائِق ہونا چاہئے۔

3  نشہ میں غُل مچانے والا یا مار پِیٹ کرنے والا نہ ہو بلکہ حلِیم ہو۔ نہ تکراری نہ زردوست۔

4  اپنے گھر کا بخُوبی بندوبست کرتا ہو اور اپنے بچّوں کو کمال سنجِیدگی سے تابِع رکھتا ہو۔

5  (جب کوئی اپنے گھر ہی کا بندوبست کرنا نہِیں جانتا تو خُدا کی کلِیسیا کی خَبرگِیری کیونکر کرے گا؟)

6  نَومُرید نہ ہو تاکہ تکبُّر کر کے کہِیں اِبلِیس کی سی سزا نہ پائے۔

7  اور باہِر والوں کے نزدِیک بھی نیک نام ہونا چاہئے تاکہ ملامت میں اور اِبلِیس کے پھندے میں نہ پھنسے۔

8  اِسی طرح خادِموں کو بھی سنجِیدہ ہونا چاہئے۔ دو زبان اور شرابی اور ناجائِز نفع کے لالچی نہ ہوں۔

9  اور اِیمان کے بھید کو پاک دِل میں حِفاظت سے رکھّیں۔

10  اور یہ بھی پہلے آزمائے جائیں۔ اِس کے بعد اگر بے اِلزام ٹھہریں تو خِدمت کا کام کریں۔

11  اِسی طرح عَورتوں کو بھی سنجِیدہ ہونا چاہئے۔ تہُمت لگانے والی نہ ہوں بلکہ پرہیزگار اور سب باتوں میں اِیماندار ہوں۔

12  خادِم ایک ایک بِیوی کے شوہر ہوں اور اپنے اپنے بچّوں اور گھروں کا بخُوبی بندوبست کرتے ہوں۔

13  کِیُونکہ جو خِدمت کا کام بخُوبی انجام دیتے ہیں وہ اپنے لِئے اچھّا مرتبہ اور اُس اِیمان میں جو مسِیح یِسُوع پر ہے بڑی دِلیری حاصِل کرتے ہیں۔

14  مَیں تیرے پاس جلد آنے کی اُمِید کرنے پر بھی یہ باتیں تُجھے اِس لِئے لِکھتا ہُوں۔

15  کہ اگر مُجھے آنے میں دیر ہو تو مُجھے معلُوم ہو جائے کہ خُدا کے گھر یعنی زِندہ خُدا کی کلِیسیا میں جو حق کا سُتُون اور بُنیاد ہے کیونکر برتاؤ کرنا چاہئے۔

16  اِس میں کلام نہِیں کہ دِینداری کا بھید بڑا ہے یعنی وہ جو جِسم میں ظاہِر ہُؤا اور رُوح میں راستباز ٹھہرا اور فرِشتوں کو دِکھائی دِیا اور غَیرقَوموں میں اُس کی منادی ہُوئی اور دُنیا میں اُس پر اِیمان لائے اور جلال میں اُوپر اُٹھایا گیا۔

  ۱ تیمِتھُیس 4

1  لیکِن رُوح صاف فرماتا ہے کہ آیندہ زمانوں میں بعض لوگ گُمراہ کرنے والی رُوحوں اور شیاطِین کی تعلِیموں کی طرف مُتوّجہ ہوکر اِیمان سے برگشتہ ہو جائیں گے۔

2  یہ اُن جھُوٹے آدمِیوں کی رِیاکاری کے باعِث ہوگا جِن کا دِل گویا گرم لوہے سے داغا گیا ہے۔

3  یہ لوگ بیاہ کرنے سے منع کریں گے اور اُن کھانوں سے پرہیز کرنے کا حُکم دیں گے جِنہِیں خُدا نے اِس لِئے پَیدا کِیا ہے کہ اِیماندار اور حق کے پہچاننے والے اُنہِیں شُکرگُذاری کے ساتھ کھائیں۔

4  کِیُونکہ خُدا کی پَیدا کی ہُوئی ہر چِیز اچھّی ہے اور کوئی چِیز اِنکار کے لائِق نہِیں بشرطیکہ شُکرگُذاری کے ساتھ کھائی جائے۔

5  اِس لِئے کہ خُدا کے کلام اور دُعا سے پاک ہو جاتی ہے۔

6  اگر تُو بھائِیوں کو یہ باتیں یاد دِلائے گا تو مسِیح یِسُوع کا اچھّا خادِم ٹھہرے گا اور اِیمان اور اُس اچھّی تعلِیم کی باتوں سے جِس کی تُو پیروی کرتا آیا ہے پرورِش پاتا رہے گا۔

7  لیکِن بیہُودہ اور بُوڑھیوں کی سی کہانیوں سے کِنارہ کر اور دِینداری کے لِئے رِیاضت کر۔

8  کِیُونکہ جِسمانی رِیاضت کا فائِدہ کم ہے لیکِن دِینداری سب باتوں کے لِئے فائِدہ مند ہے اِس لِئے کہ اَب کی اور آیندہ کی زِندگی کا وعدہ بھی اِسی کے لِئے ہے۔

9  یہ بات سَچ ہے اور ہر طرح سے قُبُول کرنے کے لائِق۔

10  کِیُونکہ ہم محنت اور جانفشانی اِسی لِئے کرتے ہیں کہ ہماری اُمِید اُس زِندہ خُدا پر لگی ہُوئی ہے جو سب آدمِیوں کا خاص کر اِیمانداروں کا مُنّجی ہے۔

11  اِن باتوں کا حُکم اور تعلِیم دے۔

12 کوئی تیری جوانی کی حقارت نہ کرنے پائے بلکہ تُو اِیمانداروں کے لِئے کلام کرنے اور چال چلن اور محبّت اور اِیمان اور پاکِیزگی میں نمُونہ بن۔

13  جب تک مَیں نہ آؤں پڑھنے اور نصِیحت کرنے اور تعلِیم دینے کی طرف مُتوّجہ رہ۔

14  اُس نعمت سے غافِل نہ رہ جو تُجھے حاصِل ہے اور نُبُّوت کے ذرِیعہ سے بُزُرگوں کے ہاتھ رکھتے وقت تُجھے مِلی تھی۔

15  اِن باتوں کی فِکر رکھ۔ اِن ہی میں مشغُول رہ تاکہ تیری ترقّی سب پر ظاہِر ہو۔

16 اپنی اور اپنی تعلِیم کی خَبرداری کر۔ اِن باتوں پر قائِم رہ کِیُونکہ اَیسا کرنے سے تُو اپنی اور اپنے سُننے والوں کی بھی نِجات کا باعِث ہوگا۔

  ۱ تیمِتھُیس 5

1 کِسی بڑے عُمر والے کو ملامت نہ کر بلکہ باپ جان کر نصِیحت کر۔
2 اور جوانوں کو بھائِی جان کر اور بڑی عُمر والی عَورتوں کو ماں جان کر اور جوان عَورتوں کو کمال پاکیزگی سے بہن جان کر۔
3 اُن بیواؤں کی جو واقعی بیوہ ہیں عِزّت کر۔
4 اور اگر کِسی بیوہ کے بَیٹے یا پوتے ہوں تو وہ پہلے اپنے ہی گھرانے کے ساتھ دِینداری کا برتاؤ کرنا اور ماں باپ کا حق ادا کرنا سِیکھیں کِیُونکہ یہ خُدا کے نزدِیک پسندیدہ ہے۔
5 جو واقعی بیوہ ہے اور اُس کا کوئی نہِیں وہ خُدا پر اُمِید رکھتی ہے اور رات دِن مُناجات اور دُعاؤں میں مشغُول رہتی ہے۔
6 مگر جو عَیش و عِشرت میں پڑ گئی ہے وہ جِیتے جی مر گئی ہے۔
7 اِن باتوں کا بھی حُکم کر تاکہ وہ بے اِلزام رہیں۔
8 اگر کوئی اپنوں اور خاص کر اپنے گھرانے کی خَبرگیری نہ کرے تو اِیمان کا مُنکر اور بے اِیمان سے بدتر ہے۔
9 وُہی بیوہ فرد میں لِکھی جائے جو ساٹھ برس سے کم کی نہ ہو اور ایک شوہر کی بِیوی ہُوئی ہو۔
10 اور نیک کاموں میں مشہُور ہو۔ بچّوں کی تربیت کی ہو۔ پردیسیوں کے ساتھ مہمان نوازی کی ہو۔ مُقدّسوں کے پاؤں دھوئے ہوں۔ مُصِیبت زدوں کی مدد کی ہو اور ہر نیک کام کرنے کے درپَے رہی ہو۔
11 مگر جوان بیواؤں کے نام درج نہ کر کِیُونکہ جب وہ مسِیح کے خِلاف نفس کے تابِع ہو جاتی ہیں تو بیاہ کرنا چاہتی ہیں۔
12 اور سزا کے لائِق ٹھہرتی ہیں اِس لِئے کہ اُنہوں نے اپنے پہلے اِیمان کو چھوڑ دِیا۔
13 اور اِس کے ساتھ ہی وہ گھر گھر پھِر کر بیکار رہنا سِیکھتی ہیں اور صِرف بیکار ہی نہِیں رہتیں بلکہ بک بک کرتی رہتی اور اَوروں کے کام میں دخل بھی دیتی ہیں اور ناشایستہ باتیں کہتی ہیں۔
14 پَس مَیں یہ چاہتا ہُوں کہ جوان بیوائیں بیاہ کریں۔ اُن کے اَولاد ہو۔ گھر کا اِنتظام کریں اور کِسی مُخالِف کو بدگوئی کا مَوقع نہ دیں۔
15 کِیُونکہ بعض گُمراہ ہوکر شَیطان کی پیَرو ہو چُکی ہیں۔
16 اگر کِسی اِیماندار عَورت کے ہاں بیوائیں ہوں تو وُہی اُن کی مدد کرے اور کلِیسیا پر بوجھ نہ ڈالا جائے تاکہ وہ اُن کی مدد کر سکے جو واقعی بیوہ ہیں۔
17 جو بُزُرگ اچھّا اِنتظام کرتے ہیں۔ خاص کر وہ جو کلام سُنانے اور تعلِیم دینے میں محنت کرتے ہیں دو چند عِزّت کے لائِق سَمَجھے جائیں۔
18 کِیُونکہ کِتابِ مُقدّس یہ کہتی ہے کہ دائیں میں چلتے ہُوئے بَیل کا مُنہ نہ باندھنا اور مزدُور اپنی مزدُوری کا حقدار ہے۔
19 جو دعویٰ کِسی بُزُرگ کے خِلاف کِیا جائے بغَیر دو یا تِین گواہوں کے اُس کو نہ سُن۔
20 گُناہ کرنے والوں کو سب کے سامنے ملامت کر تاکہ اَوروں کو بھی خَوف ہو۔
21 خُدا اور مسِیح یِسُوع اور برگُزیدہ فرِشتوں کو گواہ کر کے مَیں تُجھے تاکِید کرتا ہُوں کہ اِن باتوں پر بِلا تعصُّب عمل کرنا اور کوئی کام طرفداری سے نہ کرنا۔
22 کِسی شَخص پر جلد ہاتھ نہ رکھنا اور دُوسروں کے گُناہوں میں شرِیک نہ ہونا۔ اپنے آپ کو پاک رکھنا۔
23 آیندہ کو صِرف پانی ہی نہ پِیا کر بلکہ اپنے معدہ اور اکثر کمزور رہنے کی وجہ سے ذرا سی مَے بھی کام میں لایا کر۔
24 بعض آدمِیوں کے گُناہ ظاہِر ہوتے ہیں اور پہلے ہی عدالت میں پہُنچ جاتے ہیں اور بعض کے پِیچھے جاتے ہیں۔
25 اِسی طرح بعض اچھّے کام بھی ظاہِر ہوتے ہیں اور جو اَیسے نہِیں ہوتے وہ بھی چھِپ نہِیں سکتے۔

  ۱ تیمِتھُیس 6

1  جِتنے نَوکر جُوئے کے نِیچے ہیں اپنے مالِکوں کو کمال عِزّت کے لائِق جانیں تاکہ خُدا کا نام اور تعلِیم بدنام نہ ہو۔

2  اور جِن کے مالِک اِیماندار ہیں وہ اُن کو بھائِی ہونے کی وجہ سے حقِیر نہ جانیں بلکہ اِس لِئے زِیادہ تر اُن کی خِدمت کریں کہ فائِدہ اُٹھانے والے اِیماندار اور عزِیز ہیں۔ تُو اِن باتوں کی تعلِیم دے اور نصِیحت کر۔

3  اگر کوئی شَخص اَور طرح کی تعلِیم دیتا ہے اور صحیح باتوں کو یعنی ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کی باتوں اور اُس کی تعلِیم کو نہِیں مانتا جو دِینداری کے مُطابِق ہے۔

4  وہ مغرُور ہے اور کُچھ نہِیں جانتا بلکہ اُسے بحث اور لفظی تکرار کرنے کا مرض ہے۔ جِن سے حسد اور جھگڑے اور بدگوئیاں اور بدگُمانِیاں۔

5  اور اُن آدمِیوں میں ردّ و بدل پَیدا ہوتا ہے جِن کی عقل بِگڑ گئی ہے اور وہ حق سے محرُوم ہیں اور دِینداری کو نفع ہی کی ذرِیعہ سَمَجھتے ہیں۔

6  ہاں دِینداری قناعت کے ساتھ بڑے نفع کا ذرِیعہ ہے۔

7  کِیُونکہ نہ ہم دُنیا میں کُچھ لائے اور نہ کُچھ اُس میں سے لے جا سکتے ہیں۔

8  پَس اگر ہمارے پاس کھانے پہننے کو ہے تو اُسی پر قناعت کریں۔

9  لیکِن جو دَولتمند ہونا چاہتے ہیں وہ اَیسی آزمایش اور پھندے اور بہُت سے بیہُودہ اور نُقصان پہُنچانے والی خواہِشوں میں پھنستے ہیں جو آدمِیوں کو تباہی اور ہلاکت کے دریا میں غرق کر دیتی ہیں۔

10  کِیُونکہ زر کی دوستی ہر قِسم کی بُرائی کی ایک جڑ ہے جِس کی آرزُو میں بعض نے گُمراہ ہوکر اپنے دِلوں کو طرح طرح کے غموں سے چھلنی کر لِیا۔

11  مگر اَے مردِ خُدا! تُو اِن باتوں سے بھاگ اور راستبازی۔ دِینداری۔ اِیمان۔ محبّت۔ صبر اور حِلم کا طالِب ہو۔

12  اِیمان کی اچھّی کُشتی لڑ۔ اُس ہمیشہ کی زِندگی پر قبضہ کر لے جِس کے لِئے تُو بُلایا گیا تھا اور بہُت سے گواہوں کے سامنے اچھّآ اِقرار کِیا تھا۔

13  مَیں اُس خُدا کو جو سب چِیزوں کو زِندہ کرتا ہے اور مسِیح یِسُوع کو جِس نے پُنطیُس پِیلاطُس کے سامنے اچھّا اِقرار کِیا تھا گواہ کر کے تُجھے تاکِید کرتا ہُوں۔

14  کہ ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے اُس ظُہُور تک حُکم کو بے داغ اور بے اِلزام رکھ۔

15  جِسے وہ مُناسِب وقت پر نُمایاں کرے گا جو مُبارک اور واحِد حاکِم۔ بادشاہوں کا بادشاہ اور خُداوندوں کا خُداوند ہے۔

16 بقا صِرف اُسی کو ہے اور وہ اُس نُور میں رہتا ہے جِس تک کِسی کی رسائی نہِیں ہو سکتی ہے۔ نہ اُسے کِسی اِنسان نے دیکھا اور نہ دیکھ سکتا ہے۔ اُس کی عِزّت اور سلطنت ابد تک رہے۔ آمِین۔

17  اِس موجُودہ جہان کے دَولتمندوں کو حُکم دے کہ مغرُور نہ ہوں اور ناپایدار دَولت پر نہِیں بلکہ خُدا پر اُمِید رکھّیں جو ہمیں لُطف اُٹھانے کے لِئے سب چِیزیں اِفراط سے دیتا ہے۔

18  اور نیکی کریں اور اچھّے کاموں میں دَولتمند بنیں اور سخاوت پر تیّار اور اِمداد پر مُستعِد ہوں۔

19  اور آیندہ کے لِئے اپنے واسطے ایک اچھّی بُنیاد قائِم کر رکھّیں تاکہ حقِیقی زِندگی پر قبضہ کریں۔

20  اَے تِیمُتھِیُس! اِس امانت کو حِفاظت سے رکھ اور جِس عِلم کو عِلم کہنا ہی غلط ہے اُس کی بیہُودہ بکواس اور مُخالفتوں پر توُّجہ نہ کر۔

21  بعض اُس کا اِقرار کر کے اِیمان سے برگشتہ ہو گئے ہیں۔ تُم پر فضل ہوتا رہے۔

  ۲ تیمِتھُیس 1

1  پَولُس کی طرف سے جو اُس زِندگی کے وعدہ کے مُوافِق جو مسِیح یِسُوع میں ہے خُدا کی مرضی سے مسِیح یِسُوع کا رَسُول ہے۔

2  پیارے فرزند تِمُتھیُس کے نام۔ فضل۔ رحم اور اِطمینان خُدا باپ اور ہمارے خُداوند مسِیح یِسُوع کی طرف سے تُجھے حاصِل ہوتا رہے۔

3  جِس خُدا کی عِبادت مَیں صاف دِل سے باپ دادا کے طَور پر کرتا ہُوں اُس کا شُکر ہے کہ اپنی دُعاؤں میں بِلاناغہ تُجھے یاد رکھتا ہُوں۔

4  اور تیرے آنسوؤں کو یاد کر کے رات دِن تیری مُلاقات کا مُشتاق رہتا ہُوں تاکہ خُوشی سے بھر جاؤں۔

5  اور مُجھے تیرا وہ بے رِیا اِیمان یاد دِلایا گیا ہے جو پہلے تیری نانی لوئِس اور تیری ماں یُونِیکے رکھتی تھِیں اور مُجھے یقِین ہے کہ تُو بھی رکھتا ہے۔

6  اِسی سبب سے مَیں تُجھے یاد دِلاتا ہُوں کہ تُو خُدا کی اُس نعمت کو چمکا دے جو میرے ہاتھ رکھنے کے باعِث تُجھے حاصِل ہے۔

7  کِیُونکہ خُدا نے ہمیں دہشت کی رُوح نہِیں بلکہ قُدرت اور تربیت کی رُوح دی ہے۔

8  پَس ہمارے خُداوند کی گواہی دینے سے اور مُجھ سے جو اُس کا قَیدی ہُوں شرم نہ کر بلکہ خُدا کی قُدرت کے مُوافِق خُوشخَبری کی خاطِر میرے ساتھ دُکھ اُٹھا۔

9  جِس نے ہمیں نِجات دی اور پاک بُلاوے سے بُلایا ہمارے کاموں کے مُوافِق نہِیں بلکہ اپنے خاص اِرادہ اور اُس فضل کے مُوافِق جو مسِیح یِسُوع میں ہم پر ازل سے ہُؤا۔

10  مگر اَب ہمارے مُنّجی مسِیح یِسُوع کے ظُہُور سے ظاہِر ہُؤا جِس نے مَوت کو نِیست اور زِندگی اور بقا کو اُس خُوشخَبری کے وسِیلہ سے روشن کر دِیا۔

11  جِس کے لِئے مَیں منادی کرنے والا اور رَسُول اور اُستاد مُقرّر ہُؤا۔

12  اِسی باعِث سے مَیں یہ دُکھ بھی اُٹھاتا ہُوں لیکِن شرماتا نہِیں کِیُونکہ جِس کا مَیں نے یقِین کِیا ہے اُسے جانتا ہُوں اور مُجھے یقِین ہے کہ وہ میری امانت کی اُس دِن تک حِفاظت کر سکتا ہے۔

13  جو صحیح باتیں تُو نے مُجھ سے سُنِیں اُس اِیمان اور محبّت کے ساتھ جو مسِیح یِسُوع میں ہے اُن کا خاکہ یاد رکھ۔

14 رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے جو ہم میں بسا ہُؤا ہے اِس اچھّی امانت کی حِفاظت کر۔

15  تُو یہ جانتا ہے کہ آسیہ کے سب لوگ مُجھ سے پھِر گئے۔ جِن میں سے فُوگِلُس اور ہر مُگِنیس ہیں۔

16  خُداوند اُنیسِفرُس کے گھرانے پر رحم کرے کِیُونکہ اُس نے بہُت دفعہ مُجھے تازہ دم کِیا اور میری قَید سے شرمِندہ نہ ہُؤا۔

17  بلکہ جب وہ روما میں آیا تو کوشِش سے تلاش کر کے مُجھ سے مِلا۔

18  (خُداوند اُسے یہ بخشے کہ اُس دِن اُس پر خُداوند کا رحم ہو) اور اُس نے اِفسُس میں جو جو خِدمتیں کِیں تُو اُنہِیں خُوب جانتا ہے۔

  ۲ تیمِتھُیس 2

1  پَس اَے میرے فرزند! تُو اُس فضل سے جو مسِیح یِسُوع میں ہے مضبُوط بن۔

2  اور جو باتیں تُو نے بہُت سے گواہوں کے سامنے مُجھ سے سُنی ہیں اُن کو اَیسے دیانتدار آدمِیوں کے سُپُرد کر جو اَوروں کو بھی سِکھانے کے قابِل ہوں۔

3  مسِیح یِسُوع کے اچھّے سِپاہی کی طرح میرے ساتھ دُکھ اُٹھا۔

4  کوئی سِپاہی جب لڑائی کو جاتا ہے اپنے آپ کو دُنیا کے مُعاملوں میں نہِیں پھنساتا تاکہ اپنے بھرتی کرنے والے کو خُوش کرے۔

5  دَنگل میں مُقابلہ کرنے والا بھی اگر اُس نے باقاعِدہ مُقابلہ نہ کِیا ہو تو سِہرا نہِیں پاتا۔

6  جو کِسان محنت کرتا ہے پَیداوار کا حصّہ پہلے اُسی کو مِلنا چاہئے۔

7  جو مَیں کہتا ہُوں اُس پر غَور کر کِیُونکہ خُداوند تُجھے سب باتوں کی سَمَجھ دے گا۔

8  یِسُوع مسِیح کو یاد رکھ جو مُردوں میں سے جی اُٹھا ہے اور داؤد کی نسل سے ہے۔ میری اُس خُوشخَبری کے مُوافِق۔

9  جِس کے لِئے مَیں بدکار کی طرح دُکھ اُٹھاتا ہُوں یہاں تک کہ قَید ہُوں مگر خُدا کا کلام قَید نہِیں۔

10  اِسی سبب سے مَیں برگُزیدہ لوگوں کی خاطِر سب کُچھ سہتا ہُوں تاکہ وہ بھی اُس نِجات کو جو مسِیح یِسُوع میں ہے ابدی جلال سمیت حاصِل کریں۔

11  یہ بات سَچ ہے کہ جب ہم اُس کے ساتھ مر گئے تو اُس کے ساتھ جِئیں گے بھی۔

12  اگر ہم دُکھ سہیں گے تو اُس کے ساتھ بادشاہی بھی کریں گے۔ اگر ہم اُس کا اِنکار کریں گے تو وہ بھی ہمارا اِنکار کرے گا۔

13  اگر ہم بے وفا ہو جائیں گے تَو بھی وہ وفادار رہے گا کِیُونکہ وہ آپ اپنا اِنکار نہِیں کر سکتا۔

14  یہ باتیں اُنہِیں یاد دِلا اور خُداوند کے سامنے تاکِید کر کہ لفظی تکرار نہ کریں جِس سے کُچھ حاصِل نہِیں بلکہ سُننے والے بِگڑ جاتے ہیں۔

15  اپنے آپ کو خُدا کے سامنے مقبُول اور اَیسے کام کرنے والے کی طرح پیش کرنے کی کوشِش کر جِس کو شرمِندہ ہونا نہ پڑے اور جو حق کے کلام کو دُرستی سے کام میں لاتا ہو۔

16  لیکِن بیہُودہ بکواس سے پرہیز کر کِیُونکہ اَیسے شَخص اَور بھی بے دِینی میں ترقّی کریں گے۔

17  اور اُن کا کلام آکِلہ کی طرح کھاتا چلا جائے گا۔ ہُمِینیُس اور فِلیتُس اُن ہی میں سے ہیں۔

18  وہ یہ کہہ کر کہ قِیامت ہو چُکی ہے حق سے گُمراہ ہو گئے ہیں اور بعض کا اِیمان بِگاڑتے ہیں۔

19  تَو بھی خُدا کی مضبُوط بُنیاد قائِم رہتی ہے اور اُس پر یہ مُہر ہے کہ خُداوند اپنوں کو پہچانتا ہے اور جو کوئی خُداوند کا نام لیتا ہے ناراستی سے باز رہے۔

20  بڑے گھر میں نہ صِرف سونے چاندی ہی کے برتن ہوتے ہیں بلکہ لکڑی اور مٹّی کے بھی۔ بعض عِزّت اور بعض ذِلّت کے لِئے۔

21  پَس جو کوئی اِن سے الگ ہوکر اپنی تئیں پاک کرے گا وہ عِزّت کا برتن اور مُقدّس بنے گا اور مالِک کے کام کے لائِق اور ہر نیک کام کے لِئے تیّار ہوگا۔

22  جوانی کی خواہِشوں سے بھاگ اور جو پاک دِل کے ساتھ خُداوند سے دُعا کرتے ہیں اُن کے ساتھ راستبازی اور اِیمان اور محبّت اور صُلح کا طالِب ہو۔

23  لیکِن بے وُقُوفی اور نادانی کی حُجّتوں سے کِنارہ کر کِیُونکہ تُو جانتا ہے کہ اُن سے جھگڑے پَیدا ہوتے ہیں۔

24  اور مُناسِب نہِیں کہ خُداوند کا بندہ جھگڑا کرے بلکہ سب کے ساتھ نرمی کرے اور تعلِیم دینے کے لائِق اور بُردبار ہو۔

25  اور مُخالِفوں کو حلِیمی سے تادِیب کرے۔ شاید خُدا اُنہِیں تَوبہ کی تَوفِیق بخشے تاکہ وہ حق کو پہچانیں۔

26  اور خُداوند کے بندہ کے ہاتھ سے خُدا کی مرضی کے اسِیر ہوکر اِبلِیس کے پھندے سے چھُوٹیں۔

  ۲ تیمِتھُیس 3

1  لیکِن یہ جان رکھ کہ اخِیر زمانہ میں بُرے دِن آئیں گے۔

2  کِیُونکہ آدمِی خُودغرض۔ زردوست۔ شیخی باز۔ مغرُور۔ بدگو۔ ماں باپ کے نافرمان۔ ناشُکر۔ ناپاک۔

3  طبعی محبّت سے خالی۔ سنگدِل۔ تہُمت لگانے والے۔ بے ضبط۔ تُندمِزاج۔ نیکی کے دُشمن۔

4  دغاباز۔ ڈِھیٹھ۔ گھمنڈ کرنے والے۔ خُدا کی نِسبت عِش و عِشرت کو زِیادہ دوست رکھنے والے ہوں گے۔

5  وہ دِینداری کی وضع تو رکھّیں گے مگر اُس کے اثر کو قُبُول نہ کریں گے۔ اَیسوں سے بھی کِنارہ کرنا۔

6  اِن ہی میں سے وہ لوگ ہیں جو گھروں میں دبے پاؤں گُھس آتے ہیں اور اُن چھچھوری عَورتوں کو قابُو میں کر لیتے ہیں جو گُناہوں میں دبی ہُوئی ہیں اور طرح طرح کی خواہِشوں کے بس میں ہیں۔

7 اور ہمیشہ تعلِیم پاتی رہتی ہیں مگر حق کی پہچان تک کبھی نہِیں پہُنچتِیں۔

8  اور جِس طرح کہ ینّیس اور یمبریس نے مُوسیٰ کی مُخالفت کی تھی اُسی طرح یہ لوگ بھی حق کی مُخالفت کرتے ہیں۔ یہ اَیسے آدمِی ہیں جِن کی عقل بِگڑی ہُوئی ہے اور وہ اِیمان کے اِعتبار سے نامقبُول ہیں۔

9  مگر اِس سے زِیادہ نہ بڑھ سکیں گے اِس واسطے کہ اُن کی نادانی سب آدمِیوں پر ظاہِر ہو جائے گی جَیسے اُن کی بھی ہو گئی تھی۔

10  لیکِن تُو نے تعلِیم۔ چال چلن۔ اِرادہ۔ اِیمان۔ تحمُّل۔ محبّت۔ صبر۔ ستائے جانے اور دُکھ اُٹھانے میں میری پَیروی کی۔

11 یعنی اَیسے دُکھوں میں جو انطاکیہ اور اِکُنیُم اور لُسترہ میں مُجھ پر پڑے اور اَور دُکھوں میں بھی جو مَیں نے اُٹھائے ہیں مگر خُداوند نے مُجھے اُن سب سے چھُڑا لِیا۔

12  بلکہ جِتنے مسِیح یِسُوع میں دِینداری کے ساتھ زِندگی گُذارنا چاہتے ہیں وہ سب ستائے جائیں گے۔

13  اور بُرے اور دھوکا باز آدمِی فریب دیتے اور فریب کھاتے ہُوئے بِگڑتے چلے جائیں گے۔

14  مگر تُو اُن باتوں پر جو تُو نے سیکھی تھِیں اور جِن کا یقِین تُجھے دِلایا گیا تھا یہ جان کر قائِم رہ کہ تُو نے اُنہِیں کِن لوگوں سے سِیکھا تھا۔

15  اور تُو بچپن سے اُن پاک نوِشتوں سے واقِف ہے جو تُجھے مسِیح یِسُوع پر اِیمان لانے سے نِجات حاصِل کرنے کے لِئے دانائی بخش سکتے ہیں۔

16  ہر ایک صحِیفہ جو خُدا کے اِلہام سے ہے تعلِیم اور اِلزام اور اِصلاح اور راستبازی میں تربیت کرنے کے لِئے فائِدہ مند بھی ہے۔

17  تاکہ مردِ خُدا کامِل بنے اور ہر ایک نیک کام کے لِئے بِالکُل تیّار ہو جائے۔

  ۲ تیمِتھُیس 4

1  خُدا اور مسِیح یِسُوع کو جو زِندوں اور مُردوں کی عدالت کرے گا گواہ کر کے اور اُس کے ظُہُور اور بادشاہی کو یاد دِلا کر مَیں تُجھے تاکِید کرتا ہُوں۔

2  کہ تُو کلام کی منادی کر۔ وقت اور بے وقت مُستعِد رہ۔ ہر طرح کے تحمُّل اور تعلِیم کے ساتھ سَمَجھا دے اور ملامت اور نصِیحت کر۔

3  کِیُونکہ اَیسا وقت آئے گا کہ لوگ صحیح تعلِیم کی برداشت نہ کریں گے بلکہ کانوں کی کھُجلی کے باعِث اپنی اپنی خواہِشوں کے مُوافِق بہُت سے اُستاد بنا لیں گے۔

4  اور اپنے کانوں کو حق کی طرف سے پھیر کر کہانیوں پر مُتوّجہ ہوں گے۔

5  مگر تُو سب باتوں میں ہوشیار رہ۔ دُکھ اُٹھا۔ بشارت کا کام انجام دے۔ اپنی خِدمت کو پُورا کر۔

6  کِیُونکہ مَیں اَب قُربان ہو رہا ہُوں اور میرے کُوچ کا وقت آ پہُنچا ہے۔

7  مَیں اچھّی کُشتی لڑ چُکا۔ مَیں نے دوڑ کو ختم کر لِیا۔ مَیں نے اِیمان کو محفُوظ رکھّا۔

8  آیندہ کے لِئے میرے واسطے راستبازی کا وہ تاج رکھّا ہُؤا ہے جو عادِل مُنصِف یعنی خُداوند مُجھے اُس دِن دے گا اور صِرف مُجھے ہی نہِیں بلکہ اُن سب کو بھی جو اُس کے ظُہُور کے آرزو مند ہوں۔

9 میرے پاس جلد آنے کی کوشِش کر۔

10  کِیُونکہ دیماس نے اِس موجُودہ جہان کو پسند کر کے مُجھے چھوڑ دِیا اور تھِسّلنیکے کو چلا گیا اور کریسکینس گلتیہ کو اور طِطُس دلمتیہ کو۔

11  صِرف لُوقا میرے پاس ہے۔ مرقُس کو ساتھ لے کر آ جا کِیُونکہ خِدمت کے لِئے وہ میرے کام کا ہے۔

12  تُخِکُس کو مَیں نے اِفِسُس بھیج دِیا ہے۔

13  جو چوغہ مَیں تروآس میں کرپُس کے ہاں چھوڑ آیا ہُوں جب تُو آئے تو وہ اور کِتابیں خاص کر رقّ کے طُومار لیتا آئیو۔

14  سِکندر ٹھٹھیرے نے مُجھ سے بہُت بُرائیاں کِیں۔ خُداوند اُسے اُس کے کاموں کے مُوافِق بدلہ دے گا۔

15  اُس سے تُو بھی خَبردار رہ کِیُونکہ اُس نے ہماری باتوں کی بڑی مُخالفت کی۔

16  میری پہلی جواب دہی کے وقت کِسی نے میرا ساتھ نہ دِیا بلکہ سب نے مُجھے چھوڑ دِیا۔ کاش کہ اُنہِیں اِس کا حِساب دینا نہ پڑے۔

17  مگر خُداوند میرا مددگار تھا اور اُس نے مُجھے طاقت بخشی تاکہ میری معرفت پَیغام کی پُوری منادی ہو جائے اور سب غَیرقَومویں سُن لیں۔ اور مَیں شیر کے مُنہ سے چھُڑایا گیا۔

18  خُداوند مُجھے ہر ایک بُرے کام سے چھُڑائے گا اور اپنی آسمانی بادشاہی میں صحیح سَلامت پہُنچا دے گا۔ اُس کی تمجِید ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمِین۔

19  پرِسکہ اور اکوِلہ سے اور اُنیسِفُرس کے خاندان سے سَلام کہہ۔

20  اِراستُس کُرِنتھُس میں رہا اور ترفِمُس کو مَیں نے مِیلیتُس میں بِیمار چھوڑا۔

21  جاڑوں سے پہلے میرے پاس آ جانے کی کوشِش کر۔ یُوبُولُس اور پُودینس اور لِینُس اور کلَودیہ اور اَور سب بھائِی تُجھے سَلام کہتے ہیں۔

22  خُداوند تیری رُوح کے ساتھ رہے۔ تُم پر فضل ہوتا رہے۔